چار ملکی ہاکی، آسٹریلیا کیخلاف میچ سے پاکستانی مہم کا آج آغاز

Pakistan Hockey Players

Pakistan Hockey Players

لاہور (جیوڈیسک) چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز پاکستانی ٹیم میزبان آسٹریلیا کیخلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ گذشتہ کئی روز سے کھلاڑی مضبوط حریف کو زیر کرنے کیلیے بھرپور پریکٹس سیشنز میں مصروف رہے، ٹیم مینجمنٹ نے انھیں حریف سائیڈ کے سابق میچز کی ویڈیوز بھی دکھائیں۔

تفصیلات کے مطابق اولمپکس 2016 کے کوالیفائنگ رائونڈ کی حیثیت رکھنے والی ورلڈ لیگ کی تیاریوں کے لیے قومی اسکواڈ ان دنوں آسٹریلیا میں موجود ہے، وہاں اسے ہفتے سے ہوبارٹ میں شروع ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنی ہے۔

ایونٹ میں نیوزی لینڈ اور کوریا کے ساتھ میزبان اے ٹیم بھی شامل ہے۔ ابتدائی روز2 میچز کھیلے جائیں گے،افتتاحی میچ آسٹریلیا اے اور کوریا کے مابین کھیلا جائیگا، دوسرے میچ میں ورلڈ نمبر ون آسٹریلوی ٹیم پاکستان کیخلاف میدان میں اترے گی۔ ایونٹ میں اتوار کو پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں آسٹریلوی اے کیخلاف ایکشن میں نظر آئے گی۔

کوریا کی ٹیم کوکابوراز کے مدمقابل ہو گی۔ یاد رہے کہ ایشین گیمز اور چیمپئنز ٹرافی میں سلور میڈل حاصل کرنے کے باوجود پاکستان کو اولمپک کوالیفائنگ رائونڈر 2016 کے چیلنج کا سامنا ہے، رواں برس بیلجیئم میں شیڈول میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلیے مالی مشکلات کی شکارپی ایچ ایف نے حکومت پنجاب کی مدد سے گرین شرٹس کو آسٹریلیا بجھوایا ہے۔

قومی ٹیم چار ملکی ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا باقاعدہ آغاز آسٹریلیاکے خلاف مقابلے سے کریگی، گذشتہ روز کھلاڑیوں نے مضبوط اسکواڈ کیخلاف فتح کو یقینی بنانے کے بھرپورٹریننگ کی، ٹیم انتظامیہ نے بھی ان کی مختلف انداز میں رہنمائی کی۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ روز ٹیم نے پہلے مرحلے میں اسٹیڈیم میں بھر پور پریکٹس کی، بعد ازاں مینجمنٹ کی طرف سے کھلاڑیوں کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا،اس میں کوچز نے ابتدائی میچ کے بارے میں حکمت عملی ترتیب دی، پلیئرز کو وڈیوز کے ذریعے حریف ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم نے ابتدائی میچ میں کامیابی حاصل کرلی تو پھر فائنل میں رسائی حاصل کرنا آسان ہوجائے گا۔ میٹنگ میں کھلاڑیوں نے ٹیم مینجمنٹ کو مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وہ مقابلے کے دوران شاندار کھیل پیش کر میچ اپنے نام کرنیکی کوشش کرینگے۔