ملک بھر میں شب معراج آج عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی

Shab e Meraj

Shab e Meraj

کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی شب معراج نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔

شب معراج رحمتوں اور نعمتوں کی رات ہے، اسی رات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد الحرام سے مسجد اقصی اور پھر سدرة المنتہی سے کائنات کی وسعتوں کاسفر طے کیا اور اللہ تعالی سے بالمشافہ ملاقات فرمائی۔ آج ہی رات رب کائنات نے سرکار دوجہاں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو نمازوں کا تحفہ بھی عطا کیا۔ مسلمانان عالم اس رات کو اس کی خصوصی اہمیت کے پیش نظر نوافل کی ادائیگی کے ذریعے خدا کی قربت سے فیض یاب ہوتے ہیں۔

یوم معراج کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد میں نوافل کی ادائیگی، ذکر واذکار، نعت خوانی صلوٰ ۃ تسبیح، نوافل اور خصوصی دعاؤں کی روح پرور محافل کا اہتمام کیا جاتا ہے اور امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کی بھلائی و خوشحالی اور ملکی سلامتی کے لیے دعائیں کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ گھروں میں بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے جو کہ نماز فجر تک جاری رہتا ہے۔