ملک کے بیشتر علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں، ایئر پورٹس پر فلائٹ آپریشن متاثر

Cold Weather

Cold Weather

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بیشتر علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں، شدید دھند کے باعث ملتان اور پشاور ایئر پورٹس پرفلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، اسلام آباد پشاور موٹر وے بند ہے، سکردو میں درجہ حرارت منفی سولہ جبکہ بالائی علاقوں میں منفی تیس سے نیچے گر چکا ہے۔

ملک کے بیشتر میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں ، خون جما دینے والی سردی سے زندگی منجمد ہو کر رہ گئی، لاہور میں بھی سردی کا راج ہے ، گزشتہ رات درجہ حرارت 3 رہنے کے بعد باغوں کا شہر بھی یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں ہے ، شہر اقتدار میں بھی ٹھنڈی ہواؤں نے شہر بے مثل کا حسن نکھار رکھا ہے۔ ملتان اور گردو نواح میں شدید دھند کا راج ہے۔

دھند کے باعث ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل ہے، پشاور اور گرد و نواح میں بھی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کے باعث باچا خان ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔

سکردو میں درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے ہے جبکہ بالائی علاقوں میں پارہ منفی پچیس سے بھی نیچے گر چکا ہے، برف باری کے سبب بالائی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔