ملک میں امن و خوشحالی کیلئے ہر شخص اپنا کردار ادا کرے۔ ایم اے تبسم

MA Tabassum

MA Tabassum

لاہور : پاکستان لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہو ا، اس کے قیام میں ہزاروں شہیدوں کا خون شامل ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں امن و خوشحالی لانے کیلئے ہر شخص اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہارکالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی) کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے انٹرنیشنل پاورآف جرنلسٹ(آئی پی اوجے) کے زیرِ اہتمام سانحہ پشاور کے معصوم شہید بچوں کی یاد میں منعقد ہ تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول کے طلباو طالبات کو بے دردی سے شہید کیا۔

ایم اے تبسم نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہیں ،حکومت اور پاک فوج نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے آپریشن ضربِ عضب شروع کر رکھا ہے جو کہ الحمداللہ کامیابی سے ہمکنار ہورہا ہے۔ انہوں نے کہ قیام پاکستان سے پہلے قوم کو ایک ملک کی تلاش تھی آج ملک کو اس قوم کی تلاش ہے جو وطن کی سا لمیت اور ترقی کے لئے متحد ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کا امن پسندی کا پیغام دنیا میں پھیلے گا کیونکہ پاکستان امن و سلامتی کا علمبر دار ہے۔ ایم اے تبسم نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید طلبہ و طالبات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے جانثاروں کو فراموش نہیں کیا کرتیں۔