ملک بھر میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ جمعہ کو ہو گا

Moon

Moon

کراچی (جیوڈیسک) ماہ صیام کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت اجلاس کراچی میں ہوا۔

زونل کمیٹیوں کے ارکان، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہیں جبکہ اسلام آباد، لاہور ، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے تاہم کہیں سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہ ہونے پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر نہ آنے کی رپورٹ دیدی۔

کراچی میں بھی چاند دیکھنے کے متعلق کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے باضابطہ اعلان کیا کہ ملک بھر میں کہیں چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی ملک کے کسی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول ہوئی ہے۔

مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ یکم رمضان المبارک جمعہ کو ہوگا۔ اس سے قبل مفتی منیب الرحمان اور دیگر علما چاند دیکھنے کے لئے بنائے گئے تخت پر کھڑے تھے کہ تخت ان کا بوجھ برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا۔ تخت ٹوٹنے سے مفتی منیب الرحمان اور دیگر علمائے کرام گرتے گرتے بچے۔ اجلاس کے دوران علما کرام اور محکمہ موسمیات کے افسروں میں تلخ کلامی ہو گئی۔

علما کا موقف تھا کہ محکمہ موسمیات والے پہلے ہی چاند نظر نہ آنے کی پیشگوئی کر دیتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے افسروں نے اس بارے میں وضاحت کی جس سے بات آگے نہ بڑھی اور معاملہ ختم ہو گیا۔