ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں پھر اضافہ

Temperature

Temperature

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ، لاہور سمیت اکثر میدانی علاقوں میں سورج نے پھر آنکھیں دکھانا شروع کر دیں ۔ جھنگ میں دوسرے دن بھی بارش نے موسم خوشگوار کر دیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا تاہم آئندہ چند روز میں بارش کا امکان نہیں ۔ جھنگ میں صبح سویرے بادل آج ایک بار پھر جم کر برسے ۔ ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی اڑن چھو ہوئی تو روزہ داروں نے بھی سکھ کا سانس لیا ۔ ادھر ملک کے بیشتر میدانی علاقے ایک بار پھر گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

داتا کی نگری لاہور میں سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے اور پارہ بھی بتدریج بڑھنے لگا ۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اور شہر شہر اقتدار میں بھی تپتی دھوپ کا راج ہے ۔ ادھر موسم کا حال بتانے والوں نے شہر قائد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی نوید سنا رکھی ہے جبکہ سمندری ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں بھی کمی رہے گی تاہم اگلے چند روز میں بارش کا امکان نہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بادل گرج چمک کے ساتھ برس سکتے ہیں۔