ملک میں ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے: عمران خان

 Imran Khan

Imran Khan

کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے، ٹیکس کا نظام ایسا ہے کہ معاشی نا انصافی کی وجہ سے غریب مزید غریب ہو رہا ہے۔

عمران خان نے کراچی میں ہونے والے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نئے پاکستان کی تحریک کا مقصد ملک میں عدل و انصاف کا نظام لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تباہی کی طرف جا رہے ہیں، قرضے لے رہے ہیں، ملک کا بچہ بچہ مقروض ہو گیا ہے، یہاں سے پیسا چوری ہو کر بیرون ملک چلا جاتا ہے۔

اس سے قبل کراچی کے دورے پر آئے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آج کہا تھا کہ کرپٹ حکمران ملک کو کھوکھلا کر رہے ہیں، پاناما اسکینڈل پر پیپلزپارٹی سمیت کسی بھی جماعت سے بات کرنے کو تیار ہیں، بلاول اپنے چار مطالبات منوانے کا مطالبہ یوں کر رہے ہیں جیسے نہ مانے گئے تو روپڑیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاناما کیس سے فارغ ہونے اور وزیراعظم کو فارغ کرنے کے بعد میری پہلی ترجیح کراچی اور سندھ میں پارٹی کی تنظیم سازی ہوگی۔

کراچی والوں کو بانی ایم کیو ایم سے نجات پر شکرانے کے نوافل کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام ان کا ساتھ دیں وہ نیا کراچی بنا کر دِکھائیں گے۔

عمران خان نے مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگ ایک دوسرے کو تحفظ دے کر ملک تباہ کررہے ہیں، انہوں نے پاناما اسکینڈل کے معاملے پر دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملانے کی بات بھی کی۔

دورۂ کراچی کے دوسرے روز عمران خان نے انصاف ہاؤـس میں پارٹی اجلاس کی صدارت کی، کورنگی میں پی ٹی آئی کی رکنیت سازی کیلئے قائم کیمپ کا دورہ کیا۔

وہ سندھ کے سابق وزیر ذوالفقار مرزا کے گھر بھی گئے اور اُن کے والد کے انتقال پر تعزیت کی، عمران خان نے نجی ہوٹل میں منعقدہ ایک فورم سے بھی خطاب کیا۔