ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری

Snowfall

Snowfall

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔سندھ ، پنجاب کے شہروں میں ٹھنڈی ہواؤں سے سردی اور بڑھ گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین سے چار روز کے دوران شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے نانگہ پربت، بٹوگااور بوسر کے پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے ، جس کی وجہ سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اب تک بالائی پہاڑی علاقوں میں اب تک 5فٹ برف پڑچکی ہے۔

ادھر مالاکنڈ ڈویژن اور قبائلی علاقوں میں سردی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے،درجہ حرارت کم ہوتے ہی جلانے کی لکڑی کی قیمتیں بھی بڑھنا شروع ہوگئی۔خیبر پختونخوا میں بھی سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔شمالی بلوچستان کے علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں صبح کے اوقات دھند چھائے رہنے سے ڈرائیونگ کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔