ملک بھر میں شدید گرمی، کراچی میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک جا پہنچا

Temperature

Temperature

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ کراچی میں سورج سوا نیزے پر آنے سے درجہ حرارت 46 ڈگڑی تک پہنچ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ سبی میں 48 اور لاڑکانہ میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر میں 45، رحیم یار خان میں 44 جب کہ ملتان میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث کراچی میں بھی درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم کراچی میں گرمی زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں اور جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت مزید 2 روز تک برقرار رہے گی۔

آئندہ 24 گھنٹوں میں بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ بارش کا بھی کوئی امکان نظر نہیں آتا تاہم رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں پنجاب، ہزارہ ڈویژن، زیریں سندھ اور کشمیرمیں بارش متوقع ہے، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بھی بارشوں کا امکان ہے۔