ملک میں روزانہ 6 خواتین اغوا، 4 زیادتی کا شکار، 3 خودکشی کرتی ہیں، چوہدری سرور

Chaudhry Muhammad Sarwar

Chaudhry Muhammad Sarwar

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمدسرور نے خواتین پر مظالم اور حکومتی ناکامیوں پر ”حقائق نامہ “جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر روز 6 خواتین کو اغوا‘ 4 خواتین کے ساتھ ذیاتی کی جاتی ہیں جب کہ یومیہ تین خواتین خودکشی کرلیتی ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور کا کہنا تھا پاکستان میں 16 لاکھ لڑ کیوں کی کم عمری میں شادیاں کی گئی ہیں جب کہ ایک سال کے دوران مختلف وجوہات کی بناء پر 76 خواتین کو زندہ جلا کر ہلاک کر نے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ سال بھر میں 90 خواتین پر تیزاب پھنکنے کے واقعات ہوئے۔

چوہدری سرور کے مطابق پنجاب بھر میں ایک سال کے دوران خواتین پر تشدد کے 7600 سے زائد واقعات ہوئے۔ پنجاب میں عزت کے نام پر 320 سے زائد خواتین قتل ہوئیں جب کہ پنجاب بھر میں 2015 کے دوران خواتین کو اغوا کرنے کے 1 ہزار سے زائد اور زیادتی کے 150 سے زائد واقعات ہوئے۔

چوہدری سرور کی جانب سے جاری کئے گئے حقائق نامے میں کہا گیا ہے وفاقی اور پنجاب حکومت خواتین کو ان کے حقوق دلانے میں مکمل ناکام رہی ہے اور لاہور جیسے شہر میں اجتماعی زیادتی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ لاہور جیسے شہر میں پاکستان کے کسی بھی شہر سے زیادہ معصوم بچوں کے ساتھ ذیادتی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

حقائق نامہ کے مطابق پاکستان میں 50 فیصد خواتین کی شادی 19 سال کی عمر تک ہو چکی ہوتی ہے جب کہ 13 فیصد لڑکیوں کی شادی 15 سال کی عمر تک ہو گئی ہوتی ہے۔ 9 فیصد لڑکیاں 15 سے 19 سال کی عمر میں ماں بن چکی ہوتی ہیں‘ پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب بھر میں عزت کے نام پر قتل کے سب سے زیادہ 340 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔