ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی حاصل کی جائےگی، سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

پاکستان (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں اور اپنے دفاع کو بہتر ناقابل تسخیر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی حاصل کی جائے گی.

سرکاری نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کو ہتھیاروں کے تجربات سے قبل ایک دوسرے کو مطلع کرنے کے پابند ہیں۔ بھارت کی جانب سے سپرسانک انٹرسپیٹر میزائل کا تجربہ پاکستان کے حیران کن نہیں لیکن اس سےخطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ اس معاملے میں بھارت کو امریکا کا مکمل تعاون حاصل ہے کیونکہ امریکا سمجھتا ہے کہ خطے میں چین کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارت کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ بھارت کی جانب سے ہتھیاروں میں ہونے والی اس پیش رفت پر پاکستان عالمی سطح پر آواز بلند کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں ہے، پاکستان اپنے دفاع کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو حاصل کرے گا.

دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ بھارت کے جنگی جنون کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنی میزائل ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کی جانب سے جدید ترین سپر سانک انٹرسیپٹر میزائل کے تجربات کے بعد پاکستان کو اپنا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی حاصل کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز کسی بھی قسم کے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی نشانہ بنانے والے سپر سانک انٹرسیپٹر میزائل کا تجربہ کیا ہے۔