آخری وقت تک عدالتوں کے ذریعے کوششیں کیں کہ تاجروں کا ایک پلیٹ فارم ہو۔ طارق پہاڑ

 Tariq Pahar

Tariq Pahar

کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) ہمارے خلاف انجمن تاجران کے الیکشن میں سیاسی مداخلت کا الزام لگانے والوں کی مہم خود سابق صوبائی وزیر ملک احمد علی اولکھ نے چلائی۔ ووٹ ڈلوانے کیلئے وہ خود اور ان کے بھائی لوگوں کے گھروں میں جا کر منت سماجت کرتے رہے۔ تاجروں کے بٹوارے میں بھی سابق صوبائی وزیر کا بڑا ہاتھ ہے۔ کیوں کہ یہ شخص اپنے سوا کسی کو بھی کسی مقام پر دیکھنا پسند نہیں کرتا۔

ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کے صدر طارق پہاڑ و دیگر عہدیداران حاجی فاروق ، امان اللہ کلاسرہ ، امجد مستری ، ایاز خان نیازی و دیگر نے اپنے بیان میں کیا۔ طارق پہاڑ نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں۔آخری وقت تک عدالتوں کے ذریعے بھی کوششیں کیں کہ تاجروں کا ایک پلیٹ فارم ہو۔ لیکن افسوس کہ حاجی مختار گروپ سابق صوبائی وزیر کے اشاروں پر ناچتا رہا۔

یہ سب کچھ بھول گیا کہ وہ جعلی الیکشن کروا کر کامیاب ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ شہر کی تاجر برادری کی اکثریت جانتی ہے کہ شہر کے ایک بڑے گروپ تاجر اتحاد گروپ کو کس طرح الیکشن پراسس سے باہر رکھا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ہزاروں تاجروں نے ہم پر اعتماد کرکے مخالفین کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔ شہر کے تاجروں کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے۔ ہم انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ معاملات میں توازن رکھے۔