عقیدہ ختم نبوت اسلام کی اساس اور وہ بنیاد ہے جس پر دین اسلام کی پوری عمارت کھڑی ہے۔ علامہ غلام غوث گولڑوی

Khatm e Nabowat

Khatm e Nabowat

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن فیضانِ ختم نبوت کراچی کے ناظمِ اعلیٰ و شعلہ بیان مقرر علامہ غلام غوث گولڑوی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی اساس اور وہ بنیاد ہے جس پر دین اسلام کی پوری عمارت کھڑی ہے یہی وہ عقیدہ ہے جو اسلام کی روح ہے۔

قرآن پاک کی ایک سو کے قریب آیات مبارکہ سے ثابت ہے کہ ہمارے پیارے آقا حضرت محمد مصطفی ۖ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور رسول ہیں آپ ۖ کے بعد کوئی نیا نبی نہیں خود نبی کریم ۖ نے کم و بیش دو سو سے زائد احادیث مبارکہ میں اس امر کی وضاحت مختلف پیرائے میں فرمائی کہ پوری امت ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم نبوت کے مسئلہ پر یکسو اور متحد ہوگئی اور یہ پوری امت کا متفقہ عقیدہ قرار پایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ حنفیہ خیر المعاد کیٹل کالونی میں ایک نشست سے خطاب میں کیا، علامہ غلام غوث گولڑوی نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے مشائخ گولڑہ شریف کی مسلسل تاریخ ساز جدوجہد تاریخ کا مکمل باب ہے برصغیر ہندوستان میں تحریک ختم نبوت میں مشائخ گولڑہ شریف کے اہم کردار کا تذکرہ کئے بغیر تاریخ نا مکمل ہے۔

کوئی مصنف ، دانشور اور صحافی تحریک ختم نبوت میں ان کا تذکرہ کئے بغیر اپنی کتاب مقالہ جات کو نامکمل تصور کرتا ہے مشائخ گولڑہ شریف کا تحریک ختم نبوت میں اہم کردار ادا کرنا صرف دینِ حق کی سر بلندی کے لئے ہیں دنیاوی مفادات اور سیاسی مقاصد کے لئے نہیں، انہوں نے کہا کہ شریعت پر عمل کرکے ہی طریقت پر پہنچا جاسکتا ہے تمام سلسلے حضور غوث پاک شیخ عبدالقادر جیلانی ،حضراتِ حسنین کریمین ، مولا علی اور حضور نبی کریم ۖ پر جاکر ختم ہوتے ہیں۔