ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ ٹائٹل دفاع کیلئے سینئرز کھلاڑیوں کی کارکردگی اہم ہو گی، اینجلو میتھیوز

 Angelo Mathews

Angelo Mathews

کولکتہ (جیوڈیسک) سری لنکن ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ ٹائٹل دفاع کیلئے سینئرز کھلاڑیوں کی کارکردگی اہم ہو گی۔

بطور کپتان میری کوشش ہو گی کہ پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو کامیابیاں دلانے میں کردار ادا کروں۔ دفاعی چیمپئن سری لنکن ٹیم آج جمعرات کو افغانستان کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم کوالیفائنگ رائونڈ میں تمام میچز جیت کر یہاں تک پہنچی ہے، وہ کسی بھی ٹیم کو اپ سیٹ شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اسلئے اس کے خلاف کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو سخت فائٹ کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانی ٹیم کو آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہیں کریں گے وہ اچھی فائٹ کرتی ہے اس لئے میں نے کھلاڑیوں کو ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار رہنے کے بارے آگاہ کر دیا ہے۔

چندیمل اور تھرامانے گیم کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، دونوں باصلاحیت بلے باز ہیں اور ہمیں ان پر اعتماد ہے، امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے کوشش کریں گے۔