پاکستان کپ: بلوچستان جیت گیا، اسلام آباد کی ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست

Pakistan Cup

Pakistan Cup

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے نویں میچ میں اسلام آباد کی ٹیم نے بلوچستان کو جیت کیلئے 316 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ بلوچستان کے بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

کپتان اظہر علی نے 80 جبکہ عمر اکمل نے 59 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم ٹیم کی فتح کا سہرا سہیل تنویر کے سر رہا جنہوں نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر چھکا مار کر میچ جتوا دیا۔ سہیل تنویر نے 26 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں اویس ضیا 45، رمیز راجہ 33، بابر اعظم 31 اور محمد حسن نے 25 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی جانب سے محمد سمیع سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل اسلام آباد کے کپتان کامران اکمل نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو مفید ثابت ہوا۔ نوجوان کھلاڑی امام الحق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ آج کامران اکمل بھی اپنی پوری فارم میں نظر آئے اور پانچ چھکوں اور چودہ چوکوں کی مدد سے 134 رنز بنائے۔

دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ اسلام آباد کا کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ تاہم اس کے باوجود وفاق کی ٹیم بلوچستان کو 316 رنز کا بھاری ہدف دینے میں کامیاب رہی۔ بلوچستان کی جانب سے بلاول بھٹی 3، اسامہ میر 2 جبکہ سہیل تنویر اور اویس ضیا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔