پاکستان کپ: اسلام آباد کو شکست، سندھ نے میدان مار لیا

Pakistan Cup

Pakistan Cup

فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر سمیع اسلم اور خرم منظور نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 196 رنز بنائے۔

خرم منظور نے ایونٹ میں دوسری لگاتار سنچری سکور کی۔ انہوں نے 123رنز کی اننگز میں 16 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ سمیع اسلم نے 75 رنز بنائے جبکہ خالد لطیف 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد کی جانب سے محمد عرفان، محمد عباس اور شاداب خان 2، 2 وکٹوں کے ساتھ نمایاں باؤلرز رہے۔

سندھ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔ سندھ کے بلے بازوں کے کھڑے کئے ہوئے رنز کے پہاڑ کو سر کرنے کیلئے جب اسلام آباد کے بیٹسمین میدان میں اترے تو متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے۔

کامران اکمل 25، شرجیل 5، ناصر جمشید 14، افتخار احمد 10، مصباح الحق 73 ، حماد اعظم 45 اور عمران خالد 9، شاداب خان 4، محمد سمیع 13 اور محمد عباس 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد کی پوری ٹیم 39 اعشاریہ 5 اوورز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد عامر 5 وکٹیں لے کر مین آف دا میچ رہے۔