پاکستان کپ: پنجاب نے اسلام آباد کو 30 رنز سے شکست دیدی

Cup Pakistan

Cup Pakistan

فیصل آباد (جیوڈیسک)اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پنجاب کی ٹیم نے اسلام آباد کو 30 رنز سے شکست دیدی ہے۔ اسلام آباد کی پوری ٹیم 214 رنز کے تعاقب میں 183 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پنجاب کی جانب سے عماد بٹ کامیاب بولر رہے جنہوں نے صرف چونتیس رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دیگر گیند بازوں میں احسان عادل اور شعیب ملک نے دو، دو جبکہ ذوالفقار بابر اور سیف بدر نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھلائی۔ اسلام آباد کی جانب سے افتخار احمد کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔

اس سے قبل پنجاب کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پنجاب کی جانب سے اسد شفیق 54، شان مسعود 50 جبکہ عامر یامین 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پنجاب کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے ترتالیس اعشاریہ تین اوورز میں 213 رنز بنائے تھے۔