رواں سیزن میں کپاس کی پیداوار کے ہدف میں چوتھی مرتبہ کمی کر دی گئی

Cotton

Cotton

کراچی (جیوڈیسک) رواں سیزن میں کپاس کی پیداوار کا ہدف چوتھی مرتبہ کم کر دیا گیا۔ کاٹن اسیسمنٹ کمیٹی کے مطابق ملک میں کپاس کی کُل پیداوار 1 کروڑ 5 لاکھ بیلز رہے گی۔

کاٹن اسیسمنٹ کمیٹی کا اجلاس وفاقی سیکرٹری برائے ٹیکسٹائل حسن اقبال کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں سندھ اور پنجاب کے مختلف نمائندگان اور حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر کاٹن کمشنر ڈاکٹر خالد عبداللہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال کپاس کی کم قیمتوں کے باعث رواں سیزن میں پنجاب میں کسانوں نے 20 فیصد کم کپاس لگائی ہے جس کے سبب اس کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی۔

کاٹن اسیسمنٹ کمیٹی کے مطابق رواں سیزن میں کپاس کی کُل پیداوار 1 کروڑ 5 لاکھ بیلز رہنے کا امکان ہے جس میں سے پنجاب میں 69 لاکھ بیلز، سندھ میں 36 لاکھ، بلوچسان میں 38 ہزار بیلز اور خیبرپختونخوا میں 1 ہزار بیلز کپاس کی پیداوار کا امکان ہے۔