ڈیل سٹین فٹنس مسائل کا شکار، انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار

Dale Steyn

Dale Steyn

جوہانسبرگ (جیوڈیسک) جنوبی افریقن ٹیم کے سٹار فاسٹ بولر ڈیل سٹین فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سیریز سے بھی دستبردار ہو گئے ہیں۔ فاسٹ بولر کی ٹی ٹونٹی سیریز میں دستیابی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

فاسٹ بولر کائل ایبٹ جو کہ سینچورین ٹیسٹ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہوئے تھے بھی ون ڈے سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

مورنے مورکل اور کاگیسوربادا کو بھی ون ڈے سیریز کے چند میچز میں آرام کا موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔ ٹیم مینجر محمد موسی جی نے کہا کہ سٹین تاحال سو فیصد فٹنس حاصل نہیں کر سکے اور ہم انہیں اس حالت میں کھیلنے کا موقع دے کر کوئی خطرہ مول لے نہیں سکتے۔

اس لئے انہیں ایک روزہ سیریز سے باہر کیا گیا ہے تاہم امید ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔