فیصلوں میں کسی دباؤ اور خوف کا شکار نہیں ہوں گے، جسٹس نثار

Justice Saqib Nisar

Justice Saqib Nisar

لاہور (جیوڈیسک) نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ مقدمات کے فیصلوں میں کسی دباؤ اور خوف کا شکار نہیں ہوں گے اور نہ مصلحت سے کام لیں گے، آپ دیکھیں گے کہ شفافیت کیا ہوتی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ بار کی تقریب سے خطاب میں نامزد چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ قیاس آرائی کی جاتی ہے کہ فیصلوں میں مصلحت اور مفاد شامل ہوتا ہے، وہ فرائض کی سرانجام دہی میں قطعا ً کمزور نہیں پڑیں گے، عدلیہ کی طرف کوئی آنکھ اٹھاکر نہیں دیکھ سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ شارٹ کٹ وقتی فائدہ دیتے ہیں منزل تک نہیں پہنچاتے، ہم مصلحت، مفاد اور خوف کا شکار نہیں ہوں گے۔

تقریب سے خطاب میں جسٹس ثاقب نثار کا مزید کہنا تھا کہ پہلے جج اپنا گھر ٹھیک کریں، پھر بار سے توقعات رکھیں۔ بار عہد کرے اب کوئی ہڑتال نہیں ہو گی۔