شکست سیاسی بازی گروں کا مقدر ہے، پی ٹی آئی شہر قائد کی بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ عنایت خٹک

PTI

PTI

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلع ملیر کے آرگنائزر عنایت خٹک ،جاوید خان ملا خیل ،منصف داد تنولی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے بلدیاتی انتخابات میں صاف شفاف اور تعلیم یافتہ عوامی خدمت سے سرشار اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں تحریک انصاف کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والوں کا ماضی بے داغ ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی تاریخ کرپشن ،لوٹ مار سے بھری پڑی ہے اس جماعت نے گزشتہ 8سالہ دور اقتدار میں لوٹ مار ،زمینوں پر قبضہ ،نوکریوں کی خرید و فروخت کے سوا کچھ نہیں کیا جس کہ وجہ سے انہیں قائد آباد اور ضلع ملیر سمیت شہر میں بلدیاتی الیکشن کے لئے اُمیدوار نہیں مل رہے ہیں تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہاکہ خواجہ محمد اعوان بیٹے کو قائد آباد پر مسلط کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔

عوامی ایسی کسی سازش کو قبول نہیں کرینگے تحریک انصاف نے عوام کو باشعور بنا دیا ہے اور انشا اللہ عوام سوچ سمجھ کر بلدیاتی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے چوروں اور لٹیروں کو شکست فاش دینگے پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے کہاکہ شکست سیاسی بازیگروں کا مقدر ہے اور انشا اللہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف شہر قائد کی سب سے بڑی عوامی جماعت بن کر اُبھرے گی تحریک انصاف نے خواجہ محمد اعوان کو مشورہ دیا کہ وہ دوسرے علاقوں سے قائد آباد کی عوام پر بلدیاتی انتخابات میں نمائندوں کو مسلط کرنے سے باز رہیں ورنہ عوام اپنے ووٹوں سے ایسے نمائندوں کی ضمانت ضبط کرادینگے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی گزشتہ 8سال سے سندھ میں بلا شرکت غیرے برسراقتدار ہے۔

مگر جیسے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آیا انہیں عوام یاد آگئی غیر قانونی اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا شروع کردیا ۔یونین کونسل قائد آباد کے علاقے مانسہرہ کالونی اور دیگر آبادیوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے نام روڈ کو کالا کرکے بھی لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے انہوں نے کہاکہ عوام اب باشعور ہوچکے ہیں پیپلز پارٹی کے سیاسی حربوں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں انشا اللہ تحریک انصاف یونین کونسل قائد آباد سمیت ضلع ملیر اور شہر قائد کی تمام بلدیاتی نشستوں پر عبرتناک شکست دے گی۔