دفاعی چیمپئن اسپین یوروکپ سے باہر، انگلینڈ کا بھی سفر تمام

Defending champion,

Defending champion,

پیرس (جیوڈیسک) فرانس میں جاری یورو کپ 2016 کے ناک آوٹ مرحلے میں دفاعی چیمپئن اسپین ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا جب کہ ناتجربہ کار آئس لینڈ نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گولز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

یورو کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گزشتہ روز 2 میچ کھیلے گئے، پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسپین کا مقابلہ اٹلی اور دوسرے میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ آئس لینڈ سے ہوا۔ اٹلی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں اسپین کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔ اسپین 2006 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار کسی بڑے ٹورنامنٹ کے ناک آوٹ مرحلے میں باہر ہوا ہے۔ میچ میں اٹلی کی بہتر حکمت عملی اور پرجوش کھیل کی وجہ سے اسپین کو ایک گول کرنے کا بھی موقع نہیں ملا اور یوں دفاعی چیمپیئن اسپین کے یوروکپ کے سفر کا خاتمہ ہوا۔

ناک آؤٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں ناتجربہ کار اور عالمی رینکنگ میں 34ویں نمبر پر موجود آئس لینڈ نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔ میچ میں انگلینڈ کے فارورڈر رونی نے پنلٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تاہم یہ زیادہ دیر قائم نہ رہی اور ریگنار کے خوبصورت گول سے آئس لینڈ میچ میں برابرآ گیا، میچ میں آئس لینڈ کی جانب دوسرا اور فیصلہ کن گول کولبن نے کیا، بظاہر یہ گول آسان تھا جس میں انگلینڈ کے گول کیپر اسے روکنے میں بری طرح ناکام ہوئے۔ آئس لینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد انگلینڈ کے منیجر رائے ہوڈسن مستعفی ہوگئے جب کہ کسی بڑے ٹورنامنٹ میں اس سے پہلے انگینڈ کو 1950 کے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں امریکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ نائٹ آؤٹ مرحلے میں کامیابی کے بعد اٹلی کا کواٹر فائنل میں جرمنی جب کہ آئس لینڈ کا فرانس سے مقابلہ ہوگا۔