ملکی دفاع کیلئے تینوں افواج میں بہترین مطابقت ہے: ائیر چیف مارشل سہیل امان

Sohail Aman

Sohail Aman

کراچی (جیوڈیسک) پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع میں تینوں افواج کے درمیان بہترین مطابقت ہے ۔

ترجمان پی اے ایف کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اتوار کو پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا اور ائر چیف مارشل کے ہمراہ فضائیہ کی جاری مشقوں ہائی مارک۔ 2016 کا معائنہ کیا، آپریشنل بیس پہنچنے پرائر چیف نے نیول چیف کا استقبال کیا، جبکہ ائر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائر کمانڈ اور بیس کمانڈر بھی موجود تھے ، جنہوں نے ایڈمرل ذکاء اللہ کو ہائی مارک مشقوں پرتفصیلی بریفنگ دی۔

نیول چیف نے بیس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور فلائنگ آپریشنز کا مظاہرہ دیکھا، جبکہ پی اے ایف اہلکاروں کے اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار اور عزم کو سراہا ۔ اس موقع پر خطاب میں سربراہ بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی کامیابیوں خصوصاً آپریشن ضرب عضب میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر پوری قوم کو فخر ہے ،موجودہ ائر چیف کے دور میں پاک فضائیہ اور بحریہ کے درمیان بڑا مثالی رابطہ ہے ۔

دریں اثنا ائر چیف نے آپریشنل بیس کا دورہ کرنے پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پاک فضائیہ دیگر دونوں سروسز کو بھرپور سپورٹ جاری رکھے گی جبکہ فضائی مشقیں ہائی مارک تینوں مسلح افواج کے درمیان کو آرڈی نیشن کی عمدہ مثال ہے ۔