دفاع وطن کیلئے پاک فضائیہ کی تاریخ شاندار ہے: ائیر مارشل سہیل امان

Air Marshal Sohail Aman

Air Marshal Sohail Aman

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ مادروطن کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ کی بہادری ، جرات مندی اور پیشہ وارانہ مہارت کی تاریخ شاندار ہے ۔

انہوں نے یہ بات یوم دفاع کے سلسلے میں 1965 کے جنگ کے شہدا کی یادمیں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہاکہ عظیم قومیں ہمیشہ اپنے ہیروز کویاد رکھتی ہیں اور تاریخ سے حوصلہ حاصل کرتی ہیں ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاک فضائیہ کے شہیدوں کی یاد میں قائم “یادگار شہدا”کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔یاد گار شہدا کی افتتاحی تقریب پی اے ایف میوزیم میں ہوئی ، تقریب میں نشان حیدر پانے والے راشد منہاس شہید کی والدہ بھی شریک ہوئیں ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف سہیل امان نے کہا کہ یادگار شہدا ایک عمارت نہیں، پاک فضائیہ کی وطن سے محبت کی علامت ہے۔ یاد گا ر شہدا 1965 اور 1971 کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بنائی گئی ہے۔ 6 ستمبر کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شہیدوں کو قوم سلام کرتی ہے۔

شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6ستمبر کے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاک فضائیہ اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار اور بہادری کی تاریخ رکھتی ہے ، ملک کی خاطر کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ دشمن کے خلاف جنگ ہتھیاروں سے نہیں بلکہ جوانوں، عزم اور حوصلے سے لڑی جاتی ہے ۔ ائیر چیف مارشل نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ جوانوں نے سلامی بھی پیش کی۔