شعبۂ طب سے تعلق رکھنے والے افراد کے معاملات پر ہمدردانہ غور کیا جانا چاہیئے

Karachi

Karachi

کراچی : پیما کراچی کی ورکنگ کونسل نے جناح اسپتال میں ہونے والی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے جائز مطالبات تسلیم کیے جانے پر ڈائریکٹر جناح اسپتال اور ھیلتھ سیکریٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شعبۂ طب سے تعلق رکھنے والے افراد کے معاملات پر ہمیشہ ہمدردانہ غور کیا جانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ شعبۂ طب دراصل ملک کے اندرونی محاذ پر کام کرنے والی بہت بڑی قوت ہے اور بدقسمتی سے اس شعبہ کو کبھی بھی اسکا صحیح مقام نہیں دیا گیا ۔جس کا ثبوت بہت بڑی مقدار میں ڈاکٹرز کا ملک سے باہر چلا جانا ہے ۔صحت مند معاشرے کے لیے باقاعدہ ھیلتھ پالیسی اور بہترین ھیلتھ سسٹم کا نفاذ ضروری ہے ۔جس کا ہمارے ملک میں عدم وجود ہے ،چنانچہ کراچی سے اسلام آباد اور لاہور سے پشاور تک ڈاکٹروں میں مستقل بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے جس کا اظہار بدقسمتی سے ہڑتال اور احتجاج کی صورت میں نکلتا ہے اور اس سے عام مریض براہ راست متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے خصوصاً جناح اسپتال کے حوالے سے یہ بات کہی کہ جناح اسپتال کا معاملہ ایک طویل عرصے سے کورٹ میں زیرسماعت ہے اسکے مستقبل کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا ہے جسکے باعث کراچی کے سب سے بڑے اسپتال کے مسائل دن بہ دن بڑھتے جارہے ہیں۔

ترقیاں اور تقرریاں نہ ہونے کے باعث کئی شعبے خالی پڑے ہیں جس سے انکی کارکردگی شدید متاثرہورہی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جناح اسپتال کے مسئلے کو مستقل اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ وہاں کا طبی عملہ یکسوئی اور سکون کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرسکے اور مریضوں کو بھی کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔