جھنگ کی خبریں 11/2/2017

Metting

Metting

جھنگ (تحصیل رپورٹر) ڈپٹی کمشنر غازی امان اللہ نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ گزشتہ فلڈ 2014 کے دوران پیش آنے والے دیگر مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سیلاب یا دیگر آفاتی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے اورتمام محکموں کے مابین باہمی رابطہ کاری کو موثر بنایا جائے۔یہ ہدایات انہوںنے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اویس ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ہارون رشید،ایم این اے شیخ محمد اکرم،ضلع کے اسسٹنٹ کمشنرز،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئراظہر عباس عادل، محکمہ صحت ، تعلیم، لائیو سٹاک، سیکورٹی برانچ، محکمہ انہار، واپڈا( فیسکو)اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر غازی امان اللہ نے کہا کہ سیلاب یا دیگر آفاتی صورتحال سے نمنٹے کیلئے متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے تمام انتظامی امور کے دوران ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنائیں تاکہ مثبت اور بہتر نتائج واضح ہوں۔ انہوںنے کہا سیلابی علاقوں میں زیر تکمیل جاری منصوبوں کوقبل از وقت مکمل کیاجائے۔ انہوںنے محکمہ انہار کے افسران کو فلڈ حفاظتی بندوں کی دیکھ بھال کی ہدایات جاری کی جبکہ کسی بھی ہنگامی اور سیلابی صورتحال میں نقل و حرکت اور امدادی سامان کی ترسیل کے حوالہ سے سڑکوں کی مرمت اور بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو1122 کو ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمنٹے اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو امدادی سامان کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کے حوالہ سے بھی ہدایات جاری کیں ۔ انہوںنے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو محکمہ مال کے عملہ کے ذریعے خصوصی سیلابی علاقوں کے رہائشیوں اور متعلقہ محکموں کے عملہ کے مابین معلومات کے تبادلہ ، ریلیف اور دیگر امدادی کاروائیوں کے حوالہ سے تیار رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی سی غازی امان اللہ نے شرکاء تاکید کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں اپنے محکموں کے متعلقہ حفاظتی تدابیر ، ریلیف اور مکمل ایمرجنسی پلان تیار کرکے پیش کریں۔
۔۔۔///۔۔۔
جھنگ (تحصیل رپورٹر)ریسکیو 1122 شورکوٹ کے زیرِ اہتمام کنٹونمنٹ گرائونڈ شورکوٹ کینٹ میں MASS CASUALITY INCIDENT کامظاہرہ کیا گیا جس میں شہرکی مشہور سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ مقامی ڈاکٹر،عوام الناس اور پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کے افراد نے بھی شرکت کی۔ ایسی مشقوں کا مقصد عوام الناس میں ریسکیو 1122 کی کارکردگی اور اہمیت سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے پروگرام کے اختتام پر پریس کلب شورکوٹ میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122جھنگ انجینئر علی حسنین صاحب نے میڈیا اور عوام الناس سے خطاب کرتے ہوے ریسکیو 1122 کی مجموعی کارکردگی پر مفصل روشنی ڈالتے ہوے بتایا کہ پنجاب ایمر جنسی سروس نے گذشتہ سال پنجاب بھر میں چودہ لاکھ سے زائد روڈ ٹریفک حادثات کی ایمر جنسی پر رسپانس کیااور ان میںزیادہ شرح اموات ایسے نوجوانوں کی ہے جو گھر کے واحد کفیل تھے۔آپ نے شورکوٹ کی عوام کے تعاون کو سراہااور شور کوٹ کینٹ میں کیمونٹی سنٹرکے آغاز اور CERTٹیموںکی تشکیل کا اعلان فرمایا ، جس کا مقصد ناگہانی آفات اور ڈزاسٹر کی صورت میںہنگامی حالات میں لو کل عوام کے تعاون سے نبرد آزما ہونا اور نوجوانوں کو تربیت دے کر امدادی کاموں میں ریسکیو رز کا معاون بنانا ہے۔اس کے علاوہ ضلع بھر میں محافظ سکواڈ کے قیام کو عمل میں لایا جائے گا جو کہ علاقائی ایمرجنسی کی صورت میں امدادی سر گرمیوں میں ریسکیورز کے شانہ بشانہ کام کریں گے مزید برآں اپنے خطاب کے دوران آپ نے فرمایاکہ بانی و ڈائریکٹرجنرل پنجاب ایمر جنسی سروس ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیرکی لگا تار کو ششوں کی وجہ سے پنجاب میں ایک منظم اور مربوط ایمر جنسی مینجمنٹ کا نظام موجود ہے جس سے ہرشہری کو حادثات و سانحات میں بر وقت مدد مل رہی ہے ۔بلا شبہ ڈاکٹر رضوان نصیر پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن باب اور درخشندہ ستارہ ہیں جنہوں نے شہریوں کو احساس تحفظ فراہم کر نے اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنے شب و روز کو وقف کر دیاہے جو کہ پنجاب ایمر جنسی سروس ریسکیو 1122 کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ ( تحصیل رپورٹر )کرپشن کے خلاف لڑنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کااظہار جماعت اسلامی جھنگ کے ضلعی رہنما ساجد حسین چدھڑ امیدوار صوبائی اسمبلی PP-81جھنگ نے ایک پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو آپس میں لڑنے کی بجائے کرپشن ، مہنگائی ، بیروزگاری اور غربت کے خلاف مل کرلڑنا چاہئے۔ حکمران خاندان پانامہ کیس میں قطری خطوط کا سہارا لے کر حقائق کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے سے اہم کام کوئی نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پانامہ کیس میں اصل فریق حکمران اورعوام ہیں، اگر کسی بڑے کو سزا ہوگئی تو چھوٹے چور خودبخود کرپشن سے تائب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بددیانتی اور کرپشن کو روکنا حکومت کے فرائض میں شامل ہے مگر یہاں سب سے زیادہ کرپشن خود حکمران کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ فردِ واحد یا کسی کے ساتھ ذاتی انا کی جنگ نہیں بلکہ ہم عام آدمی کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔