ڈیرہ غازیخان میں گھریلو صارفین کے لیے 22 گھنٹے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی

Gas Load Shedding

Gas Load Shedding

ڈیرہ غازیخان (ریاض جاذب سے) ڈیرہ غازیخان میں گھریلو صارفین کے لیے 22 گھنٹے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ چولھے ٹھنڈے پڑگئے لوڈ شیڈنگ صبح سویرے سات بجے سے شروع ہوکر اگلی صبح پانچ بجے تک جاری رہتی ہے ۔ اس دوران لو پریشر کی شکایت بھی عام ہے۔قدرتی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ایل پی جی گیس کی فی کلو قیمت میں بھی گیس فلنگ والوں نے اصافہ کردیا جوکہ ایک سو روپے سے بھی زائد ہے، مانٹرنگ کے غیر موثر نظام کی وجہ سے دکانداروں کی چاندی عوام پریشان کوئی پرسان حال نہیں۔

عوامی حلقوں میں شامل غلام قادر ،محمد حیات ،ریاض انجم،رشید احمد ،محمد ہاشم ،رانا سلیم ،اکبر خان ،شیخ نوردین،سراج احمد ،شاہد خان ،ودیگر نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازیخان کی انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندوں کی اس مسئلہ پر خاموشی نے بھی عوام کو اور اکیلا کردیا ہے ۔ مایوسی کی حالت میں عوامی سطح پر شدید احتجاج شروع ہونے پر مسائل بڑھ سکتے ہیں۔ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں بھی ایل پی جی گیس کے فی کلو ریٹ طے نہیں کئے کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کی زیر صدارت ہوا جس میں صارفین کے نماندوں کو مدعو نہیں کیا گیا

۔ریٹ تاجروں سے پوچھ کر طے کرنے کی روایت برقرار رہی۔ ڈیرہ غازیخان میں غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈ شیڈنگ اور لو پریشر کی شکایت کے حوالے سے ڈیرہ غازیخا ن سوئی گیس آفس کے انچارج نازک گوپانگ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول ہے۔ اعلانیہ شیڈول سے زائد کی لوڈ شیڈنگ اور لو پریشر کی شکایات ہیڈ آفس تک برابر پہنچا رہے ہیں۔ تاہم لو پریشر کی ایک بڑی وجہ غیر قانونی کمپریسر بھی ہیں جو کہ صارفین نے لگائے ہوئے ہیں۔ ان کے خلاف جلد آپریشن شروع کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا وہ اس بارے حتمی طور پر کچھ نہیں بتا سکتے۔

انہوں نے کہا گیس کی بندش نیشنل ٹراسمیشن کوٹ ادو سے کنٹرول ہوتی ہے ڈیرہ غازیخان میں اس کا کولیور ہمارے پاس نہیں ہے۔ڈیرہ غازیخان میں گیس کی طویل ترین لوڈ شیدنگ کے حوالے سے عوامی مسائل بڑھ جانے پر اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے ایم پی اے سردار احمد علی خان دریشک نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غلط حکمت عملی کی وجہ سے ایسا ہورہا ہے۔انہوں نے کہا بجلی وقدرتی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف ان کی پارٹی اپنے احتجاج کو جاری رکھے ہوئے ہے اور پانچ جنوری کو دیگر شہروں کے ساتھ ڈیرہ غازیخان مین بھی پروٹسٹ کیا جائے گا۔انہوں نے کہ حکمران جماعت کی نا اہلی کسی سے پوشیدہ نہیں ان کی ہر پالیسی اور اقدام عوام کش ہیں ڈیرہ غازیخان کے ساتھ اوربھی زیادہ ظلم کیا جارہا ہے جہاں بجلی 18 گھنٹے اور گیس 22 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا عوام کی مشکلات کوسے انہیں کوئی لینا دینا نہیں ہے بے حسی کی انتہاہ کردی گئی ہے۔