ڈیرہ غازی خان سے کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشتگرد گرفتار، اسلحہ، شرانگیز لٹریچر برآمد

Terrorist Arrested

Terrorist Arrested

ڈی آئی خان (جیوڈیسک) ڈیرہ غازی خان میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کاروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان الفاروق گروپ سے ہے۔ گرفتار دہشت گردوں میں تحریک طالبان کا اہم رکن حنیف اور اس کے دو نامعلوم ساتھی شامل ہیں ۔ مذکورہ دہشت گردوں نے گیارہ جولائی کی صبح چار بجے تونسہ شریف کی ایک اقلیتی عبادت گاہ پر فائرنگ کی تھی جس کی زد میں آ کر ارشاد نامی کانسٹیبل زخمی ہو گیا تھا ۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اقلیتی عبادت گاہوں کو ہدف بنانے کا انکشاف کیا ہے تاہم گرفتار دہشت گردوں کے قبضہ سے کلاشنکوف، دو دستی بم، 9 ایم ایم پستول، درجنوں گولیاں، کمپیوٹر اور شرانگیز لٹریچر برآمد کر کے انہیں مذید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔