ڈکٹیٹروں اور عوام کے حقوق غصب کرنے والوں کو ہر صورت سزا ملنی چاہیے، آصف زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

دبئی (جیوڈیسک) سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ڈكٹیٹر اور عوام کے حقوق اور آزادی کو غصب کرنے والوں کو ہر صورت میں سزا ملنی چاہیے اور ایک روز سزا مل کر رہے گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری نے 5 جولائی کے حوالے سے اپنے بیان میں 5 جولائی کو قومی تاریخ كا ایک سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس عہد کی ضرورت ہے كہ جمہوریت کی حفاظت کریں اورڈکٹیٹروں کو سزا ملے، ڈكٹیٹر اور عوام کے حقوق اور آزادی کو غصب كرنے والوں کو ہر صورت میں سزا ملنی چاہیے اور ایك روز سزا مل کر رہے گی، یہ دن بہت ساری جہتوں سے سیاہ دن ہے، ایک تو اس روز ایک ڈكٹیٹر نے منتخب وزیراعظم کا تختہ الٹا اور بعد میں اسے پھانسی پر لٹکا دیا، یہ وہی دن ہے جس روز آئین کا حلیہ بگاڑ دیا گیا اور ریاستی اداروں کی تباہی کا عمل شروع ہوا۔

آصف زرداری نے کہا کہ اسی دن ڈکٹیٹر نے جہاد کو نجی بنا دیا اور جہادی ایجنڈا نہ صرف ملک پر مسلط کردیا بلکہ ملک کی سرحدوں كے باہر بھی یہی سیکیورٹی پالیسیاں اور مقاصد کے حصول کے لیے جہاد کو استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی انتہاپسندی اور یہ سیکیورٹی مقاصد آج بھی قوم کا پیچھا کر رہے ہیں، اس سے پہلے کبھی بھی ایک فرد نے اتنی تباہی نہیں پھیلائی جتنی كہ اس ڈکٹیٹر نے قوم اور ریاستی اداروں کو ہائی جیك کركے پھیلائی ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ 5 جولائی کا روز قوم کے لیے شرم اور بھیانک دن ہے، اس روز ہمیں اس عہد کی ضرورت ہے کہ ہم ایک طرف تو جمہوریت کی حفاظت کریں اور دوسری طرف ڈکٹیٹروں کو سزا ملے۔ آصف زرداری نے کہا كہ ڈكٹیٹر اور عوام کے حقوق اور آزادی کو غصب کرنے والوں کو ہر صورت میں سزا ملنی چاہیے اور ایک روز سزا مل کر رہے گی۔