جنوبی افریقا کے کھلاڑی پریکٹس سیشن کے دوران چل بسے

Lukhniya Sakhi

Lukhniya Sakhi

کیپ ٹاؤن (جیوڈیسک) جنوبی افریقا کے نوجوان کرکٹر لوکھنیا سیکھی پریکٹس سیشن کے دوران اچانک چل بسے جب کہ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی۔

جنوبی افریقا کے شہر کیف ٹاؤن کے علاقے الائس کی فورٹ ہیئر اکیڈمی میں 22 سالہ نوجوان کھلاڑی لوکھنیا سیکھی پریکٹس سیشن میں حصہ لے رہے تھے اور پریکٹس سیشن کے دوران ہی وہ آرام کی غرض سے بیٹھے تو ان کا دم نکل گیا۔

اکیڈمی کے سربراہ اور جنوبی افریقا کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر موفینکو نیگم کا کہنا ہے کہ لوکھنیا سیکھی پریکٹس سے قبل بالکل ٹھیک تھے اور پریکٹس سیشن کے بعد انہوں نے اپنی شرٹ اتاری اور ساتھیوں کے ساتھ بیٹھ گئے تاہم اسی لمحے انہیں کھانسی ہوئی اور وہ زمین پر لیٹ گئے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

دوسری جانب جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگارٹ نے نوجوان کھلاڑی کی اچانک موت پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں کرکٹ بورڈ اور تمام کھلاڑی ان کے ساتھ ہیں اور کھلاڑی کے ورثا کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔