ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل احمد نے کراچی چڑیا گھر میں اضافی نفری تعینات کر دی

JAMEEL AHMED VISIT KARACHI ZOO

JAMEEL AHMED VISIT KARACHI ZOO

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل احمد نے کراچی چڑیا گھر میں اضافی نفری تعینات کر دی۔ بلدیہ عظمی کراچی کے ایڈمنسٹریٹر روشن علی شیخ نے بھی سیکورٹی کے آلات فراہم کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل احمد نے ایس پی شہلا رضا قریشی ،ایس ایچ او امداد علی خواجہ کے ہمراہ کراچی چڑیا گھر کا تفصیلی دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے لوگوں سے ملاقات کی اور تمام داخلی راستوں پر پولیس کی نفری کے ساتھ سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں کی نفری بھی تعینات کردی ہے جبکہ ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل احمد نے کہاکہ کراچی چڑیا گھر آنے والوں کو مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

جبکہ ایڈمنسٹریٹر روشن علی شیخ نے بھی کراچی چڑیا گھر آنے والوں کی داخلی راستوں پر تلاشی کے لئے آلات کی فراہمی کو یقینی بنا دیا ہے جبکہ ڈائریکٹر چڑیا گھر فہیم خان نے ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ کی طرف سے واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کیمروں کی فوری تنصیب کے حوالے سے ڈی آئی جی سائوتھ ڈاکٹر جمیل احمد کو بریفنگ دی جبکہ کراچی چڑیا گھر کے چیف سیکورٹی آفیسر سجاد نے بھی سادہ کپڑوں میں سٹی وارڈن کی بھی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں تاکہ کراچی چڑیا گھر آنے والے خواتین بچوں کو مکمل طور پر سیکورٹی فراہم کی جا سکے۔