دنیش کنیریا نے بھارت میں مستقل سکونت کی تردید کردی

Dinesh Kaneria

Dinesh Kaneria

کراچی: اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں تاحیات پابندی کا شکار پاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا اہلخانہ کے ہمراہ اچانک بھارت چلے گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات سے دلبرداشتہ دانش کنیریا بہتر معاشی وسائل کیلیے بھارت میں سکونت اختیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم دانش کنیریا نے اپنے آڈیو پیغام میںواضح کیا ہے کہ وہ پاکستان چھوڑکربھارت میں مستقل سکونت کا ارادہ نہیں رکھتے، لیکن پی سی بی اوردیگرذمے داران کوتاحیات پابندی کا فیصلہ واپس لینے کیلیے اپنا کردار ادا کرنے ضرورت ہے۔

دانش کنیریا 2 روز قبل اپنے خاندان کے ساتھ خاموشی سے بھارت روانہ ہوگئے تھے، بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ معاشی تنگدستی کا شکار ہو جانے والے دانش وہاں مستقل سکونت اختیارکرلیں گے۔

دوسری جانب ہندومت سے تعلق رکھنے والے اسپنر نے بھارتی شہرناسک سے اپنے آڈیو پیغام میں کہاکہ ہ وہ بھارت یاترا کیلیے مختصر قیام کیلیے آئے ہیں،اور اس بات میں کوئی صداقت نھیں کہ وہ پاکستان چھوڑکربھارت میں سکونت اختیار کریں گے۔

ان کاکہنا ہے کہ میں اپنی بیوی اوربچوں کے ساتھ مذہبی مقامات کی یاترا کررہا ہوں، پاکستان ہی میرا ملک ہے اور میں اسے چھوڑنے کاکوئی ارادہ نھیں رکھتا، تاہم انھوں نے شکوہ کیا کہ میں نے 10 سال پاکستان کرکٹ کی خدمت کی لیکن 2009میں ایسیکس کاؤنٹی کے ساتھی کرکٹر مرون ویسٹ فیلڈ کو اسپاٹ فکسنگ کی ترغیب کے الزام میں ثبوت کے بغیرانگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے انھیں بین الاقوامی کرکٹ سے باہرکردینے پر پی سی بی نے اپنی ذمے داری ادا نہیں کی۔

دانش کنیریا61 ٹیسٹ میں261 وکٹیں حاصل کرکے سب سے زیادہ وکٹیں اپنے نام کرنے والے پاکستانی اسپنر ہیں۔