صحتیاب ہوتے ہی وطن واپس چلا جاؤں گا، پرویز مشرف

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

دبئی (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خلاف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات سے خوفزدہ نہیں تندرست ہوتے ہی وطن واپس چلے جائیں گے۔

دبئی میں عیادت کے لئے آنے والے کارکنان سے بات کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ عدالت نے انہیں نقل و حرکت کی اجازت دی ہے اور امید کرتے ہیں کہ دیگر مقدمات میں بھی ان کے ساتھ انصاف ہی ہوگا ،وہ اپنے ملک و قوم کی خدمت کے لئے پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے عدالتی مقدمات سے خوفزدہ ہوکر اپنا ملک نہیں چھوڑا، کام کرنے کے لئے صحت اور صحت کے لئے علاج ضروری ہے۔ تندرست ہوتے ہی پاکستان چلے جائیں گے صحت مند ہوکر ایک دن بھی وطن سے باہر نہیں گزارنا چاہتے۔

پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کےلئے سرمایہ کاری ضروری ہے، قرضوں سے ملک نہیں چلتے، قرضے بمع سود واپس کرنا پڑتے ہیں ۔ ہم آئندہ انتخابات میں تیسری سیاسی قوت بن کر ابھریں گے۔ امیر ممالک کے ساتھ تعلقات اور اعتماد کی بنیاد پر سرمایہ کاری حاصل کرکے ملک و قوم کو درست سمت کی جانب گامزن کریں گے۔ قومی دولت لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں بنانے والے آئندہ انتخابات میں بری طرح ناکام ہوجائیں گے۔