ڈسٹرکٹ بار جہلم کے سینئر ممبر راجہ طالب مہدی ایڈووکیٹ رضائے الہی سے وفات پا گئے

Jhelum

Jhelum

جہلم (چوہدری غلام مرتضے/ڈاکٹر مظہر مشر) ڈسٹرکٹ بار جہلم کے سینئر ممبر راجہ طالب مہدی ایڈووکیٹ رضائے الہی سے وفات پا گئے، مرحوم کی ایک نماز جنازہ گزشتہ روز مرکزی جنازہ گاہ جہلم میں تین بجے جبکہ دوسری آبائی گائوں بجوالہ کلاں میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ بار جہلم کے صدر ملک عبدالغفور ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری میاں نصیب احمد ایڈووکیٹ ، ایگزیکٹو ممبران و ممبران بار سپرنٹنڈنٹ بار محمد اخلاق کے علاوہ سیاسی ، سماجی ، مذہبی شخصیات کے علاوہ شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، اس موقع پر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی گئی ، بعد ازاں انہیں آبائی گائوں بجوالہ کلاں کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ مرحوم راجہ طالب مہدی ایڈووکیٹ ڈسٹرکٹ بار کے ممبران راجہ طارق محمود جنجوعہ ایڈووکیٹ اور راجہ خالد محمود جنجوعہ ایڈووکیٹ کے والد گرامی تھے ، مرحوم نے دوران پریکٹس کئی مظلوم اور بے گناہ افراد کو نہ صرف انصاف دلوایا بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہے۔

ان کی وفات سے ڈسٹرکٹ بار جہلم اپنے ایک سینئر اور معزز ممبر سے محروم ہوگئی ہے ، ان کی وفات پر ڈسٹرکٹ بار میں یوم سوگ بھی منایا گیا ، جس میں وکلاء نے انتہائی دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔