ضلع کونسل کے انتظامی معاملات کو مثالی اور شفاف طریقے سے چلایا جائے گا، چوہدری محمد علی تنویر

Chaudhry Mohammad Ali Tanveer

Chaudhry Mohammad Ali Tanveer

گجرات : چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے کہا ہے کہ ضلع کونسل کے انتظامی معاملات کو مثالی اور شفاف طریقے سے چلایا جائے گا، تمام ممبران کی باہمی مشاورت سے عوام کے مسائل حل کئے جائیں گے اور تعمیر ترقی کی ایسی روایا ت قائم کی جائیں گی جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل کے پہلے باضابطہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وائس چیئرمین میاں شیر افگن، چیئرمین یونین کونسل نوابزادہ طاہرالملک سمیت ہائوس کے ممبران نے اجلاس میں بھرپور شرکت کی ۔ اس موقع پر ضلع کونسل کی بائی لاز کمیٹی اور ایجنڈہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ ایجنڈہ کمیٹی میں حکومتی بنچوں سے مقصود احمد، پروفیسر طالب ، راجہ رئوف، رخسار میلو، خالد مہدی، قیصر ساہی اور چوہدری محسن شامل ہیں جبکہ اپوزیشن کی طرف سے توصیف لیاقت، امجد بٹ، محمد یوسف، چوہدری صداقت، چوہدری باسط، طاہر امتیاز شامل ہوں گے۔ بائی لاز کمیٹی میں حکومتی بنچوں سے عطاالرحمان، عتیق الزمان ، ڈاکٹر عباس، ملک اشفاق، پروفیسر انورنسیم، چوہدری منظور، اپوزیشن کی طرف سے غلام رسول، سیف اللہ ساہی، غلام فرید، نعمان اشرف، نثار احمد اورچوہدری اعجاز کو شامل کیا گیا ہے، ہاوس نے دونوں کمیٹیوں کی متفقہ طور پر منظوری بھی دیدی۔ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر نے ہائوس کے معاملات خوش اسلوبی سے چلانے پر تمام ممبران کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ تمام ارکان کے ساتھ ملکر گجرات کی بہتری کیلئے کام کریں گے اور عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ارکان ضلع کونسل سے مشاورت اور راہنمائی حاصل کی جائے گی۔ وائس چیئرمین ضلع کونسل میاں شیر افگن نے بھی اظہار خیال کیا اور ممبران کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے ارکان ضلع کونسل سے کہا کہ وہ اپنے علاقہ میں عوام کو درپیش ایشوز کے حوالے سے چیئرمین ضلع کونسل آفس کو تحریری طور پر لکھ کر دیں جنہیں بائی لاز کے مطابق آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے پر غور کیا جائے گا ۔اس سے قبل منتخب چیئرمین یونین کونسلز اور ممبران نے بھی اظہار خیال کیا ، چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد علی تنویر، وائس چیئرمین میاں شیر افگن کو مبارکباد دی اور عوام کی خدمت کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔