ضلع کورنگی کی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے، چیئرمین بلدیہ کورنگی کا عزم

DMC KORANGI KARACHI

DMC KORANGI KARACHI

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ ضلع کورنگی کو ترقی اور عوام کو مسائل سے سے نجات دلانے کے لئے شب روز جدوجہد میں مصروف ہیں، 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ضلع کورنگی کو مثالی اور عوام کو درپیش بنیادی مسائل سے نجات دلا نے کے سفر کا آغاز ہے۔

پہلے مرحلے میں ماڈل یوسیز میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد بتدریج ضلع کورنگی کی تمام یونین کونسل میں تعمیر و ترقی اور مسائل کے خاتمے کے حوالے سے موثر اقدامات کرکے عوامی زندگی میں تبدیلی اور عوام کو بنیادی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچا یا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی سمیت بلدیاتی انتظامات اور 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر طارق مغل ،XENایم اینڈ ای نثار سومرو ،اور یونین کمیٹیز کے نمائندے بھی موجود تھے ۔چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے افسران کو ہدایت کی کہ ماڈل گلیوں ،کچرا کنڈیوں کی تعمیر کے ساتھ فیملی پارکوں ،گرین بیلٹس اور اسکولوں میں جاری تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں کو مکمل نگرانی میں جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے محکموں کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی انتظامات کو تیز کرنے اور عوام کو درپیش بلدیاتی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ 100 رزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز اور اسے مکمل نگرانی میں انجام دیا جائے۔

پبلک ریلیشن آفیسر ۔ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کراچی