ضلع بھر میں سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز کر دیا گیا

 Government Schools

Government Schools

جھنگ (تحصیل رپورٹر) حکومت پنجاب کی” پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب” پالیسی کے تحت ضلع بھر میں سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اس ضمن میں محکمہ تعلیم جھنگ کے زیر اہتمام مہم کا افتتاح کے حوالہ سے جناح ہال ضلع کونسل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ جبکہ ممبران اسمبلی نے بطور مہمانان اعزاز خصوصی طورپر شرکت کی۔

اس موقع پر ایگزیکٹیوڈسٹرکٹ آفیسر نسیم احمد زاہد نے سرکاری سکولوں میں رواں سال داخلہ مہم کے حوالہ سے کئے گئے خصوصی اقدامات پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ رواں سال بھی داخلہ مہم کا ٹارگٹ پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔انہوںنے مزید کہاکہ جھنگ میں دو لاکھ19ہزاربچوںکو سکول میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افسران اور عملہ داخلہ مہم کو ایمرجنسی کے طور پر کامیاب بنائیں اور اس ضمن میں سستی ، لاپرواہی اور ناقص کارکردگی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔بعد ازاں ڈی سی اونادر چٹھہ اور ممبران صوبائی اسمبلی نے بچوں کے داخلہ فارموں پر دستخط کئے اور بچوں میں مفت کتابیں ،کاپیاں ، سکول بیگ اور سٹیشنری وغیرہ کا سامان بھی تقسیم کیا۔