ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف کا احتجاج دوسرے روز میں داخل، او پی ڈی بند رکھنے کا اعلان

Doctors Protest

Doctors Protest

اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہو گیا ہے، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف نے پمز اور پولی کلینک کے اوپی ڈی آج بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا دھرنا دوسرے روز میں داخل ہو گیا ہے ، مظاہرین نے رات کھلے آسمان تلے گزاردی ، اس دوران مذاکرات کی تمام کوششیں ناکام رہیں۔

ڈاکٹروں نے کہا ہے جب تک ہیلتھ رسک الاؤنس بحال نہیں ہوگا دھرنا ختم نہیں کریں گے ۔ ڈاکٹروں نے آج پمز ، پولی کلینک اور کیپٹل ہسپتال کی اوپی ڈیز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ادھر انتظامیہ نے نادرا چوک میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے ، گزشتہ روز سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے پولی کلینک ہسپتال سے وزیر اعظم سیکرٹریٹ کی جانب مارچ کیا۔

مظاہرین نے ریڈزون کی خلاف ورزی کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج شروع کر دیا جس سے 12 مظاہرین زخمی جبکہ تین خواتین بیہوش ہوگئیں ، پولیس نے 14 مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا تھا۔