ڈالر مزید مستحکم ، مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آنے کو تیار

Dollar

Dollar

کراچی (جیوڈیسک) روپے پر ڈالر کے وار جاری ہیں جس کے باعث مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آسکتا ہے ۔ حکومتی اعداد و شمار کہتے ہیں کہ مہنگائی کی شرح کم ترین سطح 2 فیصد سے کم ہے۔

زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین 19 ارب ڈالرسے زائد ہیں ۔ اور تو اور عالمی مالیاتی ادارے بھی سب اچھا ہے کی گردان لگائے دکھائی دیتے ہیں مگر ہوشیار، خبردار ، عوام کے لئے ہے بری خبر۔

ڈالر نے شروع کر دیئے ہیں وار اور اب ہونگے عوام شکار۔ پیٹرول، ڈیزل، یا ہو کھانے کا تیل ، رکشا ٹیکسی یا ہو ریل ، سب کچھ مہنگا ہوسکتا ہے۔ روپیہ قدر کھورہا ہے ، ڈالر مضبوط ہورہا ہے جس کے باعث مہنگائی کا جن بے قابو ہو رہا ہے ۔ ہو جائیں گی سب کی جیبیں ڈھیلی کیونکہ ڈالر کی قدر میں اضافے سے درآمدی بل میں ہوش ربا اضافہ ہوجائے گا۔

ڈالر مہنگا ہونے سے بیرون قرض میں 84 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ۔ اس وقت انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 56 پیسے اضافے سے 105 روپے 80 پیسے کا ہوگیا ۔ دوسری جانب عوام کو ڈالر 105 روپے 60 پیسے کے قریب مل رہا ہے۔