ملکی تعمیر و ترقی کیلئے مذہبی طبقے کا متحد ہونا ناگزیر ہو چکا ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ملکی تعمیر وترقی کیلئے مذہبی طبقے کا متحد ہونا ناگریز ہے، دشمن باہمی اختلافات کو فائدہ اٹھا کر ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، دہشتگرد عناصر کی کاروائیاں بلاتفریق ہیں آپریشن بھی بلاتفریق ضروری ہے۔

سوشل میڈیا میں شعائر اسلام کی توہین پر مبنی مواد اپ لوڈ کرنے والوں کیخلاف کاروائی کی جائے ۔ ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ پانامالیکس کیس میں اگر عوامی امنگوں کے مطابق فیصلہ نہیں آیا تو اس کے برے اثرات مرتب ہوں گے ،کیونکہ عوام جانتے ہیں ملک مزید کرپشن کامتحمل نہیں کرپٹ عناصر کیخلاف کاروائی ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ ملکی خزانے سے چوری کرکے اپنے بینک بیلنس بنانے والوں کیخلاف کاروائی ہوگی تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوگاوزیر اعظم سمیت جتنے بھی سیاستدان وحکمران کرپشن میں ملوث ہیں ان کیخلاف کاروائی ہونی چاہئے تاکہ وہ آنے والی نسلوں کے لئے نشان عبرت بن جائیں۔

انہوں نے کہاکہ مزید کہاکہ سی پیک منصوبے ملکی خوشحالی اور ترقی کے منصوبہ ہے ،ملکی تعمیر وترقی کیلئے مذہبی طبقے میں موجود باہمی دوریوں کاخاتمہ ضروری ہے کیونکہ دشمن متحد ہوکر وطن عزیز کیخلاف بر سرپیکار ہیں اسی لیے موجود ہ حالات میں ملکی تعمیر وترقی کیلئے مذہبی طبقے کا متحد ہونا ناگزیر ہوچکاہے ، انہوںنے کہاکہ باہمی دریوں کا فائدہ اٹھا کر دشمن اپنی مذموم کاروائیوں میں کامیاب ہوتے ہیں ہمارے اتحاد میں ہی دشمن کی ناکامی ہے ، انہوںنے کہاکہ دہشتگرد کسی کو بریلوی ، دیوبندی اہل حدیث ، شیعہ ہندو سکھ سمجھ کر قتل نہیں کرتے بلکہ وہ بلاتفریق مذموم کاروائیاں سرانجام دیتے ہیں اسلئے ملک دشمن عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں بلکہ بلاتفریق آپریشن ہی سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا آپریشن رد الفساد دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے آخری آپریشن ثابت ہوگا انشاء اللہ دہشتگردوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ سوشل میڈیا میں شعائر اسلام کی توہین پر مبنی مواد اپ لوڈ کرنے والے عناصر کیخلاف فی الفور کاروائی کرے ، کیونکہ آئے روز سوشل میڈیا میں ملحدین کی ریشہ دوانیاں بڑھتی جارہی ہیں جس کی وجہ سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔