ڈومینیکا ٹیسٹ: تیسرے روز کا کھیل جاری، ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑی آؤٹ

Dominica Test

Dominica Test

ڈومینیکا (جیوڈیسک) ونڈزر پارک میں کھیلے جا رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان آخری اور فائنل ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے چودہ رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور انتہائی سست رفتاری سے سکور کو آگے بڑھایا۔ ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 43 رنز پر گری جب کیرین پاؤل کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ یاسر شاہ کی گیند پر اظہر علی نے ان کا کیچ لیا۔

پاؤل نے 31 رنز بنائے۔ اس کے بعد ٹیم کا سکور ابھی 69 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ اسے دوسرا نقصان بھی اٹھانا پڑ گیا۔

نئے آنے والے کھلاڑی شمرون ہیتھمر صرف 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ بھی یاسر شاہ کے حصے میں آئی اور وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا۔ ویسٹ انڈیز کی تیسری وکٹ 97 کے سکور پر گری جب یاسر شاہ نے اپنی جادوئی گیند سے اوپنر کریگ براتھویٹ کو بھی چلتا کیا۔ براتھویٹ نے انتہائی سست بیٹنگ کرتے ہوئے 123 گیندوں پر صرف 29 رنز بنائے۔ وکٹوں کے پیچھے وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا۔

گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم 376 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سینچری مکمل کی۔

انہوں نے 334 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 127 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں کپتان مصباح الحق 59، بابر اعظم 55 اور سرفراز احمد 51 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز نے پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں اور نمایاں باؤلر رہے۔ دیگر گیند بازوں میں کپتان جیسن ہولڈر کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں، دویندرا بشو نے 2 جبکہ الزائی جوزف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔