ڈونلڈ ٹرمپ سے شکست، ٹیڈ کروز صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دستبردار

Ted Cruz

Ted Cruz

انڈیانا (جیوڈیسک) امریکی ریاست انڈیانا میں صدارتی نامزدگی کے انتخابات میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حریف ٹیڈ کروز کو شکست دے دی، شکست کے بعد ٹیڈ کروز نے دست بردار ہونے کا اعلان کر دیا، دوسری طرف ڈیمو کریٹ امیدوار برنی سینڈرز نے ہیلری کلنٹن کو شکست دے دی۔

امریکی ریاست انڈیانا میں صدارتی نامزدگی کے لیے ری پبلکن پارٹی اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات ہوئے۔ انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حریف ٹیڈ کروز کو بہ آسانی شکست دے دی۔ ٹرمپ کو روکنے کے لیے ٹیڈ کروز اور جان کیسک کی مشترکہ حکمت عملی بھی ناکام رہی۔

ٹیڈ کروز نے اپنی شکست کے بعد صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے باہر ہونے کا اعلان کیا۔ اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حریف ٹیڈ کروز کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس میں ایک دوسرے پر الزامات لگائے گئے۔

دوسری طرف ڈیمو کریٹ امیدوار برنی سینڈرز نے انڈیانا کے پرائمری انتخابات میں ہیلری کلنٹن کو شکست سے دوچار کیا۔

ٹیڈ کروز کی دست برداری کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی تقریباً یقینی ہو چکی ہے۔ ادھر ڈیمو کریٹک امیدواروں میں شکست کھانے والی ہیلری کلنٹن بدستور برنی سینڈرز سے خاصی آگے ہیں۔