ڈونلڈ ٹرمپ کا عیسائیت سے کوئی تعلق نہیں، پوپ فرانسس

Pope Francis

Pope Francis

ویٹیکن سٹی (جیوڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بیانات اور حرکتوں کی وجہ سے متنازع تو ہیں لیکن اب پاپائے کلیسا پوپ فرانسس نے بھی کہہ دیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا عیسائیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق میکسیکو سے روم واپسی پر دوران سفرجہاز میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ جو شخص بے یارو ومدد گار لوگوں کو روکنے کے لیے دیواریں تعمیرکرنے کی باتیں کرے اس کا عیسائیت سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پناہ گزینوں کی امریکا آمد روکنے کے لیے سرحدوں پر دیواریں کھڑی کرنے کی بات کر کے عیسائیت کی تعلیمات کی نفی کی ہے۔

پوپ فرانسس نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی غرض نہیں کہ امریکا میں کون کس کو ووٹ دے گا مگراتنا ضرورکہوں گا کہ جو شخص دوسروں کو روکنے کے لیے دیواریں کھڑی کرنے کی بات کرے اس کا عیسائیت سے کوئی تعلق نہیں۔

پاپائے کلیسا نے اپنے دورے کے دوران میکسیکو اور امریکا کی سرحد پر کھڑے ہو کر کہا تھا کہ ہم موجودہ انسانی بحران سے ہرگز لا علم نہیں رہ سکتے، شامی خانہ جنگی کے باعث پیدا ہونے والا بحران انسانی المیہ ہے جس کے باعث لاکھوں افراد ہجرت پر مجبور ہیں، مہاجرین جس طرح بھی پہنچیں ان کی مدد کی جانی چاہیئے۔

واضح رہے کہ اپنے ایک بیان میں امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر میں صدر بن گیا تو امریکا کی سرحدوں پر لگی خار دار تار کے بجائے امریکا اور میکسیکو کے درمیان دیوار تعمیر کروں گا تا کہ شامی اور عراقی پناہ گزین امریکا میں داخل نہ ہو سکیں۔