ڈاکٹر عاصم اور ایان کی ضمانتیں، شرجیل کی واپسی ڈیل کا نتیجہ ہیں: عمران خان

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی بیل پر خاموش نہیں رہ سکتا، ایان علی کو بھی چھوڑ دیا گیا ہے، آصف زرداری بھی واپس آ گئے ہیں، 5 ارب روپے کی کرپشن کرنے والے شرجیل میمن کو بھی کچھ نہیں کہا گیا، حامد کاظمی بھی باعزت بری ہو گئے، یہ سب کچھ ڈیل کے تحت ہوا ہے، 480 ارب روپے کرپشن والے ڈاکٹر عاصم کو کیسے چھوڑا گیا؟ اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ نورا کشتی اور کرپشن چھپانے کیلئے ڈیل ہو رہی ہے، دونوں منی لاندڈرر اور کرپٹ ہیں، جب تک کرپٹ وزیر اعظم رہے گا، اس وقت تک ادارے ٹھیک نہیں ہو سکتے، دعا کرتے ہیں کہ جلدی سے پانامہ کا فیصلہ آئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مقدمات کی تفتیش اور پیروی کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اگر وہ اپنا کام نہ کرے تو کسی ملزم کیخلاف کچھ ثابت نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی سے سیاسی اتحاد کو ناممکن قرار دیا۔