ڈاکٹر مسفر حسن کا اڑی کے فوجی کیمپ میں ہوئے دھماکے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار

Misfar Hassan, Mirza Munsifdar and Waheed Akbar

Misfar Hassan, Mirza Munsifdar and Waheed Akbar

لیوٹن (نمائندہ خصوصی) جموں کشمیر لبریشن لیگ برطانیہ کے صدر ڈاکٹر مسفر حسن نے گذشتہ اتوار جو اڑی کے فوجی کیمپ میں ہوئے دھماکے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کاروائیوں سے نہ صرف کشمیریوں کی تحریک کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے بلکہ ایسی کاروائیاں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا پیش خیمہ ہو سکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے لیوٹن میں کونسلر وحید اکبر کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے دوران کی اس ملاقات میں مرزا منصف دار ایڈووکیٹ بھی انکے ہمراہ تھے ڈاکٹر مسفر نے کہا کہ وادی کشمیر میں لوگوں نے گذشتہ 73 دن سے مشکل حالات کا جس طرح مقابلہ کیا ہے اس سے دنیا میں کشمیری عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کے جذبات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے لیکن اڑی کے فوجی کیمپ میں ہوئے دھماکے اور جانی نقصان کے بعد دے دنیا کی توجہ ایک بار پھر کشمیریوں کی تحریک سے ہٹ کر ہندوستان پاکستان دشمنی کی جانب چلی گئی ہے جو بذات خود تحریک آزادی کیلئے نقصان دہ امر ثابت ہو سکتا ہے۔

دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر جو ریاست جموں کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے اس کے پرامن حل کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہیے۔ کونسلر وحید اکبر نے اس موقع پر کہا کہ مظفرآباد حکومت کو تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنا سیاسی اور سفارتی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی تجویز کیا کہ برطانیہ میں کشمیری کونسلرز کو ایک موقف پر اتفاق کرتے ہوئے سفارتی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

اس کے بعد برشین لیگ کے وفد نے جے کے ایل ایف برطانیہ کے صدر صابر گل اور شینئر رکن و سابق صدر جے کے ایف ملک لطیف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کشمیر میں جاری تحریک کی صورتحال اور برطانیہ میں سیاسی و سفارتی سطح پر مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تحریک آزادی کو تقویت پہنچانے کی خاطر مشترکہ لائحہ عمل پر بھرپور کام کیا جائے۔

بعد ازاں لبریشن لیگ کے راہنماؤں نے لبریشن لیگ برطانیہ کے چیف آرگنائزر میاں نجیب انصاری کے گھر جا کے انکی ہمشیرہ محترمہ جنکا حال ہی میں انتقال ہوا انکے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

دونوں راہنماؤں نے لبریشن لیگ برطانیہ کے جوائنٹ سیکرٹری محمد اسلم جو صحت کی خرابی کی بنا پر ہسپتال داخل ہیں انکی بیمار پرسی کی اور انکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔