“ڈراز فکسنگ” آئی سی سی کے اعتراف سے نئی بحث شروع

 ICC

ICC

لندن (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ’ڈراز فکسنگ‘ کے اعتراف نے نئی بحث شروع کردی، بڑے ایونٹس میں جان بوجھ کر پاک بھارت میچز کو یقینی بنانے پر حیرت ظاہر کی جا رہی ہے، ادھر کونسل ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنزٹرافی کے گروپس متوازن اورکسی کوناجائزفائدہ نہیں دیا گیا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیورچرڈسن نے میڈیا سے بات چیت میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ بڑے ٹورنامنٹس میں جان بوجھ کرپاکستان اور بھارت کو ایک گروپ میں شامل کیا جاتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہم اپنے ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ یقینی بنانا چاہتے ہیں، یہ آئی سی سی کے نقطہ نظر سے کافی اہمیت کا حامل ہے، روایتی حریفوں کے میچ کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا جبکہ شائقین بھی اس کا انتظار کرتے ہیں، اس سے ٹورنامنٹ کو بھی اچھا آغاز ملتا ہے۔

ان کے اس بیان کو دنیا بھر کے میڈیا نے ’ڈراز فکسنگ‘ قراردیا گیا، اس معاملے کو شہ سرخیوں میں جگہ بھی دی گئی جبکہ سوشل میڈیا پر بھی یہ چھایا ہوا ہے، اس حوالے سے آئی سی سی کے ذرائع نے بتایا کہ اگرآپ چیمپئنز ٹرافی کے دونوں گروپس پر نظر ڈالیں تو سیڈنگ مجموعہ 18 ہے،اس کا مطلب یہ ہے کہ دونوں ہی گروپس انتہائی متوازن اور کسی کو بھی ناجائز فائدہ نہیں دیا گیا، ویسے بھی گروپس کا فیصلہ ٹیموں کی 30 ستمبر 2015 کی رینکنگ کے حساب سے کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی آئی سی سی کا مسلسل پانچواں ایونٹ ہوگا جس میںپاکستان اور بھارت گروپ اسٹیج پر ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گے۔