نشے میں ڈرائیونگ، کیوی کرکٹر پر ایک سال کیلئے گاڑی چلانے پر پابندی

Doug Bracewell

Doug Bracewell

ویلنگٹن (جیوڈیسک) غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ڈگ بریسویل کو نشے کی حالت میں دھت ہو کر ڈرائیونگ کرنے کے جرم میں ایک سال تک گاڑی چلانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ باﺅلر کو 100 گھنٹوں تک مفت سماجی خدمات سر انجام دینے کی بھی سزا سنائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ڈگ بریسویل کو رواں سال مارچ میں پولیس نے نشے کی حالت میں گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے پکڑ لیا تھا جس کے بعد عدالت میں بھی بریسویل پر نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔ بریسویل کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے موکل نے کوکیٹو واقعے کے بعد شراب پی تھی۔

بریسویل اس سے قبل 2008ء اور 2010ء میں بھی نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ عدالتی فیصلے کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ نے بریسویل کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈگ بریسویل کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ان سے بہت بڑی غلطی سرزد ہو گئی تھی۔ میں تسلیم کرتا ہوں کہ اس میں مکمل طور پر میرا قصور ہے۔ میں نے اپنی اس حرکت سے اپنے مداحوں، فیملی، دوستوں اور ساتھی کھلاڑیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی جس پر میں معذرت خواہ ہوں۔ خیال رہے کہ ڈگ بریسویل کا شمار نیوزی لینڈ کے اال راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اب تک 27 ٹیسٹ میچوں میں 72 وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔