ڈیوٹی کانفاذ؛ گاڑیوں کے پارٹس مہنگے ہونے کا امکان

Vehicles Parts

Vehicles Parts

اسلام آباد (جیوڈیسک) نئے مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوں کے پارٹس مہنگے ہونے کا امکان ہے۔اس سلسلے میں گاڑیوں کے پارٹس پر زیرو ریٹنگ ختم کرکے ڈیوٹی کے نفاذکا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق بجٹ میں تجویزکیاگیاہے کہ گاڑیوں کے را مٹیریل پر زیروریٹنگ ختم کرکے ایک فیصد ڈیوٹی ٹیرف عائدکیا جائے جبکہ سب کمپونینٹ آٹو پارٹس پر ڈیوٹی 5 فیصدسے بڑھا کر 10 فیصدکی جائے۔ کمپلیٹ ناکڈ ڈاؤن آٹو پارٹس نان لوکل پر 32.5 فیصدسے ڈیوٹی گھٹاکر 30 فیصد عائدکی جائے۔ سی کے ڈی لوکل کاٹیرف بھی 50 فیصدسے گھٹا کر 45 فیصد کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق کمپلیٹ بلٹ یونٹ کے ٹیرف میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہ کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔کمپلیٹ بلٹ یونٹ 800 سی سی پر 50 فیصد، 801 سے 1000 سی سی 55 فیصد ٹیرف، 1001 سی سی سے 1500 سی سی پر 60 فیصد، 1501 سی سی سے 1800 سی سی75فیصد ٹیرف عائدکرنے کی تجویزدی گئی ہے۔ اسی طرح موٹر سائیکل، موٹرسائیکل رکشہ، آٹو رکشہ اور تین ویل کارگو لوڈرکے را مٹیریل کی زیرو ریٹنگ بھی ختم کر کے ایک فیصد ٹیرف عائدکئے جانے کی تجویز ہے۔اسطرح کی اقسام کے مکمل تیار یونٹس پر ایک جیسا 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔