کان… قدرت الہی کی انمول نعمت

Ear

Ear

تحریر : رانا اعجاز حسین
خالق کائنات مالک ارض و سماء نے بنی نوع انسان کو اشرف المخلوقات اور تخلیق کا اعلی ترین شاہکار بنایا ہے ،انسان کو میسر قدرت الہی کی انمول نعمتوں میں سے ایک نعمت کان ہے، جوکہ آواز کے ارتعاش کو وصول کرکے دماغ کے حس سماعت تک پہنچانے کا کردار ادا کرتا ہے۔ آواز کی لہریں کان کے بیرونی حصہ میں داخل ہو کر پردہ سے ٹکراتی ہیں پھر یہ کان میں وسطی حصے میں موجود ہڈیوں سے باری باری ٹکراتی ہیں۔ اس طرح آواز کی لہریں سماعت کے عضو، گانٹھ یا گرہ سے ٹکراتی ہوئی دماغ تک پہنچتی ہیں۔ کان (Ear) آواز کے حسی عضو کے طور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ توازن اور وضع (posture) برقرار رکھنے میں بھی اہم ترین کردار ادا کرتے ہوئے جسم کو متوازن اور حرکت صحیح حالت میں رکھتا ہے۔

انسانی کان تین کے ہندسے سے مشابہ ہے اسی وجہ سے ہر سال تیسرے مہینے کی تین تاریخ کا دن کان کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ اس دن کے منانے کا مقصد لوگوں کو کان کی اہمیت اور سماعت کی بیماریوں سے آگاہ رکھنا ہے۔ تین مارچ کے دن پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، محکمہ صحت اور مختلف این جی اوز کے زیر اہتمام بڑے ہسپتالوں اور صدر مقامات پر خصوصی تقریبات، واک، سیمینارز،کانفرنسز، نامورماہرین امراض ناک کان گلہ کے مذاکروں اور مباحثوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، تاکہ عوامی سطح پر کان کی حفاظت ، اور کان کی بیماریوں سے بچنے کا شعور بیدارکیاجاسکے۔

ماہرین صحت کے مطابق روئی کی تیلیوں، ماچس کی تیلی کو روئی لگا کر یا کسی بھی چیز سے کان کا میل صاف کرناکان کی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ عمل ہے جوکہ کان کی صفائی کی بجائے قوت سماعت متاثر کر سکتا ہے ،اور کانوں کی ایسی شدید صفائی قوت سماعت سے بھی محروم بھی کرسکتی ہے۔ قدرت نے کان میں صفائی کا خود ساختہ نظام رکھا ہے جس کے تحت کان کے اندر خود بخود دو گلینڈز ایک خاص قسم کا مومی موادیا چکنائی جسے ہم ویکس کہتے ہیں خارج کر تے ہیںجو کان میں موجود ائیر ڈرمزیعنی کان کے پر دے کو خشک ہونے سے محفوظ رکھتے ہیں۔

Ear Cleaning

Ear Cleaning

کاٹن بڈ یا روئی کے استعمال سے یہ چکنائی کان کے پردے تک نہیں پہنچ پاتی اورکان کے پردوں کے خشک ہونے سے کان میں درد یا تکلیف شروع ہو جا تی ہے۔ اس کے علاوہ کان کی تکلیف کی ایک اور وجہ کان کے گلینڈز میں سے کسی ایک میں کسی انفیکشن کی وجہ سے اضافہ بھی ہو سکتا ہے،جس کے باعث کان کے پردے پر براہ راست اثر پڑتا ہے اور کان میں درد کی تکلیف مستقل رہنے لگتی ہے۔ایسی صورت میں اگر کسی ماہر سرجن کے پاس جا کر باقاعدہ صفائی نہ کرائی جائے تو قوت سماعت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کان کے ایسی حالت تک پہنچنے کی صورت میں ماہر سرجن کان میں موجود اضافی چکنائی کو کان کی دھلائی کے ذریعے صاف کر تا ہے۔لیکن خیال رہے کہ اس طرح کا کوئی عمل از خود کر نے کی کو شش نہ کی جائے کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی حساس ترین کان کی تکلیف میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق منشیات کے استعمال سے بھی کان کی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں،جبکہ کان کی بیماریوں سے بچنے کیلئے میرج کونسلنگ بھی بہت اہم ہے خاص طورپر فرسٹ کزن میرج سے خاندانوں میں گونگے بہرے بچوں کی پیدائش کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ دورجدید کی ایجادات نے جہاں انسان کے لئے نت نئی سہولیات پیدا کی ہیں وہیں ان کے استعمال میں لاپرواہی کی وجہ سے مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

موبائل فون کا بے جا استعمال ، ہیڈ فونز اور ہینڈ فری، بلند ارتعاش موسیقی ، پریشر ہارن وبے تحاشا شور شرابا کان کے مختلف امراض کا سبب بنتا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قدرت کی عطاء کردہ سماعت کی انمول نعمت کی ہر ممکن حفاظت کی جائے ، کیونکہ سماعت کے متاثر ہونے کے بعد اس نعمت کو پانا اور عام طرز زندگی گزارنا ناممکن ہوجاتا ہے۔

RANA AIJAZ HUSSAIN

RANA AIJAZ HUSSAIN

تحریر : رانا اعجاز حسین
ای میل:ra03009230033@gmail..com
رابطہ نمبر:03009230033

Ear

Ear