اقتصادی راہداری منصوبے کے خطے پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے: شوکت عزیز

Shaukat Aziz

Shaukat Aziz

لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے نتیجے میں خطے کی اقتصادی تشخص پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے، 46 ارب ڈالر مالیت کے منصوبہ سے پاکستان اور چین کے درمیان فروغ پذیر تعلقات اور تعاون کی عکاسی ہوتی ہے۔

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز یہاں ایشیا سوسائٹی کے زیراہتمام اپنی کتاب کی رونمائی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شوکت عزیز نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کیلئے بہترین تحفہ ہے۔

اس منصوبے سے سڑکوں، شاہراہوں اور ریلوے نیٹ ورکس اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ توانائی کی قلت پر قابو پانے کے منصوبوں سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے کا شغر سے لیکر گوادر تک تجارت کے فروغ کیلئے سہولیات مہیا کی جائیں گی اوردونوں اطراف تجارت کو فروغ ملے گا۔

سابق وزیر اعظم نے اس موقع پر اپنی کتاب کے حوالے سے کہا کہ اس میں ان کے ذاتی تجربات اور مشاہدات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان، بھارت اورامریکہ کے ساتھ روابط کو برقرار رکھنا ہو گا۔